چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی الفتح میزائل کے کامیاب تجربے پر مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد

پیر 5 مئی 2025 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک افواج کی جانب سے الفتح میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے اس عظیم کامیابی پر مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ پاکستان کے دفاعی نظام میں اہم پیش رفت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ الفتح میزائل کا کامیاب تجربہ ہمارے سائنسدانوں اور انجینئرز کی اعلیٰ فنی مہارت اور وطن سے بے لوث محبت کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا دفاع جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے محب وطن سائنسدانوں، انجینئرز اور دفاعی اداروں پر فخر ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مزید کامیابیوں سے نوازے اور وطن عزیز کو ہر میدان میں ترقی اور استحکام عطا فرمائے۔