موٹروے سروس ایریاز پر بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ، وفاقی سیکرٹری وزارت مواصلات علی شیر محسود

پیر 5 مئی 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) وفاقی سیکرٹری وزارت مواصلات علی شیر محسود نے کہا ہے کہ موٹرویز پر موجود سروس ایریاز پر بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارتِ مواصلات اسلام آباد میں اپنی زیر صدارت موٹر ویز کے حوالے سے اہم اجلاس کے دوران کیا ۔اجلاس میں موٹر ویز پر موجود ریسٹ ایریاز کی بہتری سے متعلق امور زیر غور آئے ۔

سیکرٹری وزارت مواصلات علی شیر محسود نے کہا کہ وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان کی ہدایات کے مطابق موٹرویز پر مسافروں کو بہترین خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ریسٹ ایریاز پر غیر معیاری اشیاء کی فراہمی ناقابل برداشت ہے۔ اشیاء خوردو نوش کی مہنگے داموں فروخت اب نہیں چلے گی۔

(جاری ہے)

ریسٹ ایریاز پر صفائی ستھرائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیرمحسود نے کہا کہ موٹروے پولیس اور این ایچ اے حکام ریسٹ ایریاز کی بہتری کیلئے فوری مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیں اور متعلقہ ضلعی حکام اور صوبائی فوڈ ڈیپارٹمنٹس کے نمائندے بھی ٹیم میں شامل ہوں - ریسٹ ایریاز میں زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کاروائی ضروری ہے۔ریسٹ ایریاز میں صفائی کے ناقص انتظامات پر بھی سخت کاروائی کی جائے۔

وفاقی سیکرٹری علی شیر محسود نے مزید کہا کہ موٹرویز پر سفر کو ایک خوشگوار اور یادگار تجربہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ عوام الناس غیر معیاری اور مہنگی اشیاء خوردونوش کی فراہمی کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔ انسپکٹر جنرل موٹرویز پولیس, این ایچ اے سمیت دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔