Live Updates

پاکستان کا پہلا لانگ رینج ریڈار ایجاد، 450 کلومیٹر دور توپوں اور ٹینکوں پر نظر رکھی جاسکے گی

یہ ریڈار شدید دھند، بارش اور طوفان میں بھی کام کرتا ہے، جس کو صرف 30 منٹ میں قابل استعمال بنانا ممکن ہے اور جسے چلانے کے لیے محض 400 واٹ بجلی درکار ہوگی

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 مئی 2025 11:14

پاکستان کا پہلا لانگ رینج ریڈار ایجاد، 450 کلومیٹر دور توپوں اور ٹینکوں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 مئی 2025ء ) پاکستان نے پہلا لانگ رینج ریڈار ایجاد کرلیا جس کی مدد سے 450 کلومیٹر دور توپوں اور ٹینکوں پر نظر رکھی جاسکے گی۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری ادارے این آر ٹی سی اور نجی کمپنی بلیو سرج کے اشتراک سے بھارتی افواج کی بری و فضائی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے پاکستان کا پہلا لانگ رینج زمینی نگران ریڈار AM 350 S ایجاد کرلیا گیا ہے، جسے ٹرک پر نصب کرکے کہیں بھی لے جایا جاسکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ بہترین دفاعی ہتھیار 350 کلومیٹر دور تک دشمن پر نظر رکھتا اور 60 ہزار فٹ بلند اڑتے طیارے کو شناخت کر سکتا ہے، 450 کلومیٹر تک دوست اور دشمن توپوں، ٹینکوں، طیاروں وغیرہ کی پہچان رکھتا ہے، اس میں خصوصی آلات لگائے گئے ہیں جنہیں دشمن جام نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ S Band اور AESA ایک ایسا ریڈار ہے جو شدید دھند، بارش اور طوفان میں بھی کام کرتا ہے، اس کو صرف 30 منٹ میں قابل استعمال بنانا ممکن ہے جسے چلانے کے لیے محض 400 واٹ بجلی درکار ہوتی ہے، AM 350 S ریڈار سسٹم کو پاکستانی ماہرین کی محنت، ذہانت اور ہماری عسکری سائنس وٹیکنالوجی کی جدت وترقی کا منہ بولتا قرار دیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان نے فتح سیریز کے میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا، مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان سے پتا چلا کہ پاکستان نے جاری ایکس انڈس کے حصے کے طور پر 120 کلومیٹر تک مار کرنے والے فتح سیریز کے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا، اس لانچ کا مقصد فوج کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیوی گیشن سسٹم اور بہتر درستگی سمیت اہم تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تربیتی آغاز کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک اداروں کے افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف نے اس تجربے میں حصہ لینے والے فوجیوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی، انہوں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات