گوجرانوالہ، نشے کے عادی شخص نے دیرینہ رنجش پر فائرنگ کرکے5 افراد قتل اور ایک کو زخمی کردیا

فائرنگ کا واقعہ تھانہ تتلے عالی کی حدود اڑتالی ورکاں میں پیش آیا، ملزم عمران کا مقتول عثمان کے ساتھ چند ماہ قبل جھگڑا ہوا تھا،ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 6 مئی 2025 12:57

گوجرانوالہ، نشے کے عادی شخص نے دیرینہ رنجش پر فائرنگ کرکے5 افراد قتل ..
گوجرانوالہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 مئی 2025)گوجرانوالہ کے علاقے نوشہرہ ورکاں کے میں نشے کے عادی شخص کی دیرینہ رنجش پر فائرنگ سے5 افراد قتل اور ایک زخمی ہوگیا،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا، ملزم نے حویلی میں سوئے افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا،فائرنگ کا واقعہ تھانہ تتلے عالی کی حدود اڑتالی ورکاں میں پیش آیا، نشے کے عادی ملزم عمران کا مقتول عثمان کے ساتھ چند ماہ قبل جھگڑا ہوا تھا۔

جاں بحق افراد میں عثمان ورک اس کے 2 گن مین اور ساتھی شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم عمران مقتول عثمان کا چچا ہے۔ عمران نشہ کرتا ہے اور اکثر لڑائی جھگڑے کرتا رہتا تھا جس کی رنجش پرملزم نے فائرنگ کرکے 28 سالہ عثمان، اس کے 40 سالہ دوست عمران، افضل اور 2 محافظین عمر اور وقاص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

(جاری ہے)

یہ بھی بتایاگیا ہے کہ 10 روز قبل بھی ملزم نے خربوزوں سے لدھے ٹرک پر فائرنگ کی تھی۔

مقتول عثمان نے ٹرک پر فائرنگ اور لڑائی جھگڑوں پر ملزم کو ڈانٹا تھا۔ فائرنگ کے مقدمہ میں گرفتاری کے بعد ملزم ضمانت پر رہا ہو کر واپس آیا تھا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی قصور کے نواحی علاقے کھڈیاں میں پرانی رنجش پر مخالفین نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کردیاتھا۔

تھانہ کھڈیاں میں نواں قلعہ کے رہائشی شوکت نے درخواست برائے مقدمہ درج کرائی تھی کہ بشارت عرف باری نے اپنے 5/4 ساتھیوں کے ساتھ مل کر جلال الدین کو پرانی رنجش پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔پولیس تھانہ کھڈیاں نامزد ملزما ن کے خلاف مقدمہ درج کرکے مصروف کارروائی تھی۔ قبل ازیں بھی گوجرانوالہ میں گرجاکھ میں رقم لین دین کے تنازعہ پر ماموں زاد نے فائرنگ کرکے کزن کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

بتایا گیا تھا کہ ملک عباس کا اپنے ماموں زاد ملک اسلم کے ساتھ رقم لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا کہ گزشتہ رات ملزم اسلم نے اسی بات پر ہونیوالے جھگڑے کے دوران فائرنگ کرکے اپنے کزن کو شدید زخمی کردیاتھا۔مضروب کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیاتھا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا تھا۔