مریم نواز نے ای ٹیکسی کے فنانشل ماڈل کی اصولی منظوری دیدی

پنجاب حکومت کا ای چارجنگ سٹیشن کیلئے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ ، گیارہ ای ٹیکسیزسے پائلٹ پراجیکٹ کے اجراء پراتفاق، وزیراعلیٰ پنجاب کا جناح ٹرمینل سے ہربنس پورہ تک ییلو لائن پراجیکٹ پر جلد از جلد کام شروع کرنے کا حکم

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 6 مئی 2025 14:30

مریم نواز نے ای ٹیکسی کے فنانشل ماڈل کی اصولی منظوری دیدی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 مئی 2025)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ای ٹیکسی کے فنانشل ماڈل کی اصولی منظوری دیدی، پنجاب حکومت کا ای چارجنگ سٹیشن کیلئے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ ، گیارہ ای ٹیکسیزسے پائلٹ پراجیکٹ کے اجراء پراتفاق،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں ییلو لائن ماس ٹرانزٹ سسٹم کی فزیبلٹی سٹڈی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ ایکو فرینڈلی ای ٹیکسی پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کی سہولت کے مطابق روٹس کا تعین کرنے کی ہدایت اورگوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کیلئے مزید روٹس پر رپورٹ طلب کرلیں۔اجلاس کے دوران ای ٹیکسی کے فنانشل ماڈل کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ 1100 ای ٹیکسیز سے پائلٹ پراجیکٹ کے اجراءپر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

ای چارجنگ سٹیشن کیلئے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

مریم نواز نے جناح ٹرمینل سے ہربنس پورہ تک ییلو لائن پراجیکٹ پر جلد از جلد کام شروع کرنے کا حکم دیدیا۔اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ سے متعلق امورکا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس کو بتایا گیا کہ ای ٹیکسی سکیم میں حکومت پنجاب کی طرف سے سبسڈی بھی دی جائیگی جبکہ پٹرول پمپس کے ساتھ چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے صوبے میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے اعلان کے مطابق بیروزگار افراد کیلئے سکیم شروع کی جائیگی۔وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ہاوس میں ای ٹیکسی پر تجاویز اور مشاورت کیلئے سیمنار منعقد ہواتھا جس میں مختلف سرکاری محکموں، الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں، ٹرانسپوٹرز اورسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی تھی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہای ٹیکسی اسکیم میں ایسی گاڑیاں فراہم کرنا چاہتے ہیں جو قیمت میں نسبتاً سستی مگر معیار میں بہترین ہوں۔سکیم سے بیروزگاری میں کمی اور عوام کو سستی سفری سہولت عوام کو دستیاب ہوسکے گی۔