کارڈینل جوزف کوٹس بلکہ پوری پاکستانی قوم کافخر ہیں، نورین عنایت

کارڈینل جوزف کوٹس نے پاکستان کے کئی شہروں میں کئی دہائیوں تک روحانی قیادت کی

منگل 6 مئی 2025 17:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)ویٹی کن میں آج نئے پاپائے اعظم کے انتخاب کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس میں دنیا بھر کے 132 کارڈینلز شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز مذہبی رہنما کارڈینل جوزف کوٹس بھی شامل ہیں، جو نہ صرف پاپائے روم کے انتخاب کے اہل ہیں بلکہ انہیں پوپ منتخب ہونے کے لیے ایک مضبوط امیدوار بھی سمجھا جا رہا ہے۔

اس تاریخی موقع پر معروف مسیحی سماجی رہنما محترمہ نورین عنایت نے ایک خصوصی پیغام میں کارڈینل جوزف کوٹس کی عالمی سطح پر موجودگی کو پاکستان کے لیے ’’روحانی سفارت کاری‘‘ سے تعبیر کیا، اور ان کی خدمات پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔نورین عنایت نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ''کارڈینل جوزف کوٹس صرف پاکستان کے مسیحیوں کے نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

(جاری ہے)

وہ کئی دہائیوں سے بین المذاہب ہم آہنگی، امن، انصاف، اور معاشرتی اتحاد کی علامت ہیں۔ اگر وہ پاپائے اعظم منتخب ہو جاتے ہیں تو یہ نہ صرف مذہبی اقلیتوں کے لیے ایک عالمی پیغام ہو گا بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک نئی شناخت بنے گی ایک پرامن، مہذب اور متوازن ریاست کی شناخت۔''انہوں نے کہا کہ کارڈینل جوزف کوٹس نے پاکستان کے کئی شہروں میں کئی دہائیوں تک روحانی قیادت کی۔بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اسلامی علما اور غیر مسلم مذہبی رہنمائوں کے ساتھ مسلسل مکالمہ کیا۔اقلیتوں کے حقوق، تعلیم، اور سماجی تحفظ کے لیے نرم مگر بااثر آواز بنے۔غربت، شدت پسندی اور مذہبی امتیاز کے خلاف ان کی معتدل سوچ اور دعائیہ قیادت دنیا بھر میں تسلیم کی جاتی ہے۔