وزیرمملکت طلال چوہدری سے سعودی ڈی جی اینٹی نارکوٹکس میجر جنرل محمد بن سعید القرنی کی ملاقات

منگل 6 مئی 2025 22:28

وزیرمملکت طلال چوہدری سے سعودی ڈی جی اینٹی نارکوٹکس میجر جنرل محمد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2025ء)وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔وفد میں سعودی عرب کی سفیر نواف بن سعید المالکی، میجر جنرل ترکی بن عبد العزیز، بریگیڈئر راجی بن مسلم، لیفٹننٹ نواف بن محمد الہنکی، فواز بن خالد اور کرنل سعید محمد شامل تھے،وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے،ملاقات میں انسداد منشیات کے ضمن میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس کے حوالے سے پاکستان کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، منشیات کی سمگلنگ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، دوست ممالک کے مابین باہمی اشتراک سے ہی اس ناسور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اینٹی نارکوٹکس فورس محدود وسائل کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ گزشتہ سال 21 بلین ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں،دنیا کی 40 فیصد سے زائد منشیات کی پیداوار افغانستان میں ہوتی ہے، پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائی کی بنیادی وجہ منشیات اور دہشتگردی جیسے سنگین مسائل ہیں۔