Live Updates

پنجاب یونیورسٹی، وائس چانسلر کا شعبہ جاتی ایلومینائی انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کا اعلان

منگل 6 مئی 2025 23:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے ہر شعبے میں ایلومینائی اینڈوومنٹ فنڈ بنائیں گے تاکہ مستحق طلبا طالبات کی سکالرشپس کے ذریعے مالی امداد ممکن ہو سکے۔وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی کے زیر اہتمام11ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچرفوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی لاہور ڈاکٹرطلعت نصیر پاشا، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم، پرنسپل کالج آف فارمیسی پروفیسرڈاکٹر سید عاطف رضا، فیکلٹی ممبران،فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے نمائندگان، طلبا و طالبات اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ فارمیسی کے شعبے میں بڑے نام پنجاب یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانووکیشن ایک اچھی روایت ہے جو طلبا طالبات کی کامیابی کا اعتراف ہے،جس میں والدین کا اہم کردار ہے۔انہو ں نے کہا کہ عملی میدان میں وہی طلباطالبات کامیاب ہوں گے جنہیں خود پراعتماد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو اپنے اہداف کے حصول کے لئے محنت کرنا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ طلبا طالبات کا بہتر مستقبل پاکستان میں ہے۔پاکستان میں فارمیسی کے شعبے میں پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے ڈگری و میڈلز حاصل کرنے والے طلباطالبات اوران کے والدین و اساتذہ کو مبارک باد پیش کی۔ پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم نے کہاکہ طلبا و طالبات اپنی تعلیم کو انسانیت کی خدمت کیلئے استعمال کریں۔

پروفیسر ڈاکٹرسید عاطف رضا نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی دنیاکے ٹاپ 350 فارمیسی اداروں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی میں مختلف ممالک سے طلبا تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالج میں اساتذہ کا ریسرچ امپیکٹ فیکٹر60 سے زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے گریجوایٹس کی مارکیٹ میں بہت ڈیمانڈ ہے۔بعد ازاں طلبا وطالبات میں ڈگریاں و میڈلز تقسیم کئے گئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات