بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے زمین، فضا اور لائن آف کنٹرول پر دشمن کو موثر ، منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا

بدھ 7 مئی 2025 04:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے زمین، فضا اور لائن آف کنٹرول پر دشمن کو موثر ، منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا ہے، بھارت کے 3 طیارے ،ایک ڈرون مار گرایا، بریگیڈ ہیڈکوارٹر،ایل او سی پر متعدد پوسٹیں تباہ کردیں، پوسٹیں چھوڑ کے بھاگنے والے بھارتی فوجیوں کو آرٹلری نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دشمن کے کئی فوجی ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی طیاروں نے اپنی فضائی حدود میں رہتے ہوئے کوٹلی، احمد پور شرقیہ ،مظفر آباد، باغ اور مریدکے پر میزائل داغے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق میزائل حملےمیں ایک بچی شہید ،خاتون اور مرد زخمی ہوا، دو مقامات پر مساجد شہید ہوئیں۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افواج پاکستان دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور پوری طاقت سے اس کا جواب دے رہی ہیں، کارروائیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا گیا جس میں تین جنگی طیارے تباہ ہوئے ۔پاک فضائیہ نے دشمن کا پہلا طیارہ بھاٹِنڈا ،دوسرا طیارہ اکھنور جبکہ تیسرا رافیل جنگی طیارہ ایوانتی پورہ کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل مائل دور نشانہ بنا کر گرایا تاہم پاک فضائیہ کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔ایل او سی پر پاک فوج کی شاندار کارروائی کے نتیجے میں دشمن کی جولی، بڈوری، دودنیال، پیر کانٹی، اور اودھم پور سیکٹرز میں درجنوں پوسٹیں تباہ ہوئیں۔

بھارتی فوجی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔صرف پیر کانٹی سیکٹر میں 40 کے قریب چوکیاں خالی کر دی گئیں۔بڈوری سیکٹر میں دشمن کے 50 فوجی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔بھاگتے بھارتی فوجیوں پر پاک فوج کی آرٹلری نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دشمن کے متعدد اہلکار ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔بھارت کو فرنٹ لائن پر شدید نقصان اٹھانا پڑا۔پاک فضائیہ نے دشمن کا بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور برنالہ سیکٹر میں دشمن کا ایک ڈرون تباہ کر دیا۔پاکستان کی مسلح افواج مکمل چوکس ہونے کی وجہ سے بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی جرات نہ کر سکے۔افواج پاکستان نے عزم کیا کہ ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔