Live Updates

صدر آصف زرداری کی پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کی شدید مذمت،پاکستان جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا،صدر مملکت

بدھ 7 مئی 2025 04:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کی جانب سے سرحد پار شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستان کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا۔ایوان صدر کے پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کا مقابلہ بھرپور طاقت اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا اور بلا اشتعال بھارتی حملہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے پیچھے متحد ہے، بھارت کے بزدلانہ اقدامات ایک فاشسٹ حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے علاقائی امن و سلامتی دائو پر لگانے کے لیے تیار ہے۔صدر مملکت نے دوٹوک طور پر کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار اور باصلاحیت ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات