ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے آگاہی انتہائی ضروری ہے، چیف ٹریفک آفیسر

بدھ 7 مئی 2025 09:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے ذریعے ٹریفک حادثات اور ٹریفک جام جیسے اہم مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے سمیت ٹریفک کی روانی یقینی ہو۔

اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام اے ایس ایف گیریژن پشاور میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی کینٹ عبد الرحیم سی ایس او ڈائریکٹر شفیق الرحمن باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ اے ایس سٹاف اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی کینٹ عبد الرحیم نے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔

اسی طرح دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی و سیکیورٹی کا خاص خیال رکھتے ہوئے صبر و تحمل سے ٹریفک اصولوں کے مطابق گاڑی چلانی چاہئے انہوں نے کہا کہ شہری ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے سے شہریوں نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں کافی بہتری آئی ہے۔