Live Updates

موجودہ حالات میں اہم پیشرفت، حافظ سعید اور ساتھیوں کی سزاؤں کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بنچ آج ہی بعد سماعت کرے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 7 مئی 2025 12:29

موجودہ حالات میں اہم پیشرفت، حافظ سعید اور ساتھیوں کی سزاؤں کیخلاف ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی 2025ء ) پاک بھارت کشیدگی کی موجودہ حالات میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں حافظ سعید اور ساتھیوں کی سزاؤں کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم جماعت الدعوہ کے امیر حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں، حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرحمن مکی اور ان کے ساتھیوں نے ٹرائل عدالت کی سزاؤں کو چیلنج کر رکھا ہے، انسداد دہشت گردی عدالت نے انہیں چندہ اکٹھا کرنے کے مقدمات میں 10 سال کی سزائیں سنا رکھی ہیں، جس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بنچ آج ہی اس حوالے سے اپیل پر بعد سماعت کرے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ نومبر 2020ء میں لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے حافظ محمد سعید کو تین مختلف الزامات میں مجموعی طور پر ساڑھے دس برس قید اور ایک لاکھ دس ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی، عدالت نے کالعدم تنظیم کے لیے فنڈ اکٹھے کرنے اور غیر قانونی قبضہ رکھنے کے دو مختلف الزامات میں حافظ سعید اور ان کے دو ساتھیوں ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو سزا سنائی تھی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ فروری 2020 میں بھی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو دو مقدمات میں مجموعی طور پر 11 برس قید بامشقت کی سزا سنائی تھی، حافظ سعید اور اُن کی تنظیم کے دیگر رہنماؤں کے خلاف نومبر 2019 میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی، اس وقت حافظ سعید سمیت ان کی تنظیم کے دیگر رہنماؤں نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے اپنے خلاف الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ الزامات عالمی دباؤ کی وجہ سے لگائے گئے ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات