Live Updates

پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملک کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، احمد نواز جدون کا پاکستان زندہ باد ریلی سے خطاب

بدھ 7 مئی 2025 16:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) قومی وطن پارٹی ایبٹ آباد کے زیراہتمام ”پاکستان زندہ باد“ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا مقصد پاک فوج سے یکجہتی اور پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارت کے حالیہ جارحانہ رویہ کے خلاف قومی سطح پر شدید ردعمل ظاہر کرنا تھا۔ ریلی میں قومی وطن پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری احمد نواز خان جدون نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ریلی سے سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل شوکت ہارون خان جدون، ہارون خان اور لیاقت خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی ایبٹ آباد کے ضلعی صدر امجد خان، تحصیل صدر سہیل خان، جنرل سیکرٹری شہباز خان سمیت دیگر اہم پارٹی عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ریلی میں تاجروں، سماجی کارکنوں، طلبہ، نوجوانوں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وطن سے اپنی محبت و وابستگی کا بھرپور اظہار کیا۔ شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی و بقاءکی خاطر وہ ہر مشکل گھڑی میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پوری قوم متحد ہے اور جب بات ملکی سلامتی کی ہو تو ہر مکتبہ فکر، ہر عمر اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات