Live Updates

انڈیا کی جانب سے رات کے اندھیرے میں بزدلانہ حملے کے خلاف اہلیان باغ کا بڑا احتجاجی مظاہرہ

بدھ 7 مئی 2025 17:14

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) انڈیا کی جانب سے رات کے اندھیرے میں بزدلانہ حملے کے خلاف اہلیان باغ نے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیااور باغ شہر پاکستان زندہ باد، پاک فوج اور سپہ سالار زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔مظاہرین نے انڈیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔بدھ کو ڈپٹی میئر سید افراز گردیزی،انجم تاجران باغ کے صدر حافظ طارق، سول سوسائٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالحفیظ خان،خطیب جامع مسجد باغ مولانا سید عطاءاللہ شاہ،ڈسٹرکٹ کونسلر سردار طاہراکبر،سردار عامر نعیم،راجہ واجد نورکی قیادت میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔

جس میں تاجروں،علماء کرام،سول سوسائٹی، وکلا،صحافیوں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔قومی اور آزاد کشمر کے پرچم اٹھائے شرکاء پاک فوج زندہ باد،پاکستان زندہ باد،سپہ سالار زندہ باد وغیرہ کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے جبکہ انڈیا کی جارحیت اور دہشت گردی مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کے دانت کھٹے کئے ہیں۔اس پر سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈیا کو جس طرح بھرپور جواب دیا گیا ہے وہ دھائیوں تک اپنے زخم چاٹتا رہے گا۔

Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات