Live Updates

بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت، افواجِ پاکستان کی جوابی کارروائی کو سلام، پوری قوم متحد ہے، سمعیہ ساجد

آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کے دفاع کی پہلی صف ہیں ، ہر دور میں اپنی قربانیوں سے ثابت کیا ہے وہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، چیئرپرسن مرکزی ایم سی خواتین ونگ و چیئرپرسن کواف

بدھ 7 مئی 2025 18:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن و کشمیر ویمن الرٹ فورم کی چیئرپرسن سمعیہ ساجد نے بھارت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں کی گئی بلااشتعال گولہ باری اور جارحیت کو شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے نہ صرف لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی بلکہ مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، چکوٹھی اور دیگر سرحدی شہروں کی شہری آبادی کو نشانہ بنا کر خطے میں بڑے پیمانے پر انسانی بحران پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے قریب درجنوں دیہات اور اہم سول تنصیبات بھارتی فائرنگ کی زد میں آئیں ،جس سے درجنوں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سمعیہ ساجد نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف ایک عسکری جارحیت ہے بلکہ انسانی حقوق کی کھلی پامالی ہے۔ سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ متاثرہ خاندان کو حکومت فوری طور پر رہائش دے اور ان کا پوری طرح سے خیال رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کے دفاع کی پہلی صف ہیں اور انہوں نے ہر دور میں اپنی قربانیوں سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ بھارت جان بوجھ کر آزاد کشمیر کے پُرامن شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ کشمیری عوام اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کو اشتعال دلایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کو پاک فوج کی جرات مندانہ، فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں دشمن کے مورچے تباہ ہوئے اور بھارتی فوج کے اہلکاروں نے کئی سیکٹرز میں سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ بھارت خطے میں امن تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ بھارتی فورسز کی بلااشتعال گولہ باری نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی عالمی اصول یا معاہدے کی پاسداری کرنے کو تیار نہیں۔

سمعیہ ساجد نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کریں اور بھارت کے خلاف بین الاقوامی کارروائی عمل میں لائیں۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ بھارت کی اس بزدلانہ کارروائی کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹا سکے، لیکن اس کا یہ منصوبہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جس جرات، حکمت عملی اور قومی غیرت کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ سمعیہ ساجد نے کہا کہ پاکستان کے طول و عرض میں پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے نعرے گونج رہے ہیں، جو اس بات کا اعلان ہیں کہ دشمن چاہے جتنا بھی زور لگا لے، قوم متحد اور فوج مضبوط ہے۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ ہم نہ صرف اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں بلکہ اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس پر کوئی وار کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اگر دشمن نے دوبارہ کوئی جارحیت کی، تو اس بار جواب مزید سخت، فوری اور فیصلہ کن ہوگا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات