Live Updates

پاکستان پر بھارتی میزائل حملوں کی مذمت

بدھ 7 مئی 2025 19:33

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضا سید نے پاکستان پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل بھارت نے پاکستان اور آزاد جموںوکشمیر کے مختلف علاقوں میں سویلین آبادیوں کو نشانہ بنایا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر کے محکوم عوام پر ظلم و ستم تیز کردیا ہے اور اب وہ پاکستان اور آزاد کشمیر پر حملہ آور ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں نہتے لوگوںپرمظالم کی تما م حدیںپار کر لی ہیں ، پہلگام حملے کے بعد دو ہزار سے زائد نوجوان گرفتار کیے گئے ، تین درجن سے زائد مکانات کو بارودی مواد کے ذریعے اڑا د یا گیا۔

(جاری ہے)

علی رضا سید نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی دہشت گردانہ کارروائیوں کا نوٹس لے اورتنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دبائو ڈالے جو جنوبی ایشیا میں کشیدگی کا بنیادی سبب ہے۔دریں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان عالیٰ محمد رفیق ڈار نے بھی ایک بیان میں آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان میں متعدد مقامات پر بھارتی میزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوںنے حملوں کو شرمناک، افسوسناک اور مودی کی انتہاپسند بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیا ۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات