Live Updates

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی ، بھارتی جارحیت کی مذمت کیلئے واک کا انعقاد

بدھ 7 مئی 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان کی مسلح افواج سے بھرپور اظہار یکجہتی اور بھارت کی مذمت کے لیے شاندار واک منعقد کی۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے واک کی قیادت کی جبکہ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان ، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری ،سابق نائب صدر ہفیم الرحمن سہگل، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین، صنعتکاروں اور تاجر برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور اتحاد، یکجہتی اور قومی عزم کا مظاہرہ کیا۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ تاجر برادری پاکستان کی سرحدوں کے محافظوں ، پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری یا سلامتی کے خلاف کسی بھی جارحیت کا پوری قوم کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت کے جارحانہ عزائم کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت اور اپنی مسلح افواج پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔میاں ابوذر شاد نے کہا کہ لاہور چیمبرپہلے ہی دس ملین روپے سے وار فنڈ قائم کرچکا ہے جس میں تمام طبقات ہائے فکر بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ بیرونی اور اندرونی خطرات کے خلاف جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔

پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ متحد ہے اور کسی بھی طاقت کو پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے کہا کہ یہ یکجہتی واک دشمن کو ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے عوام اپنی خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے پٴْرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے پاکستان کی سالمیت کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں جنہیں تاجر برادری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

لاہور چیمبر کی قیادت نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے جارحانہ روئیے کا نوٹس لے جو خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ تاجر برادری نے تمام قومی اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کریں جو انصاف، خودمختاری اور بین الاقوامی قانون پر مبنی ہے۔واک کا اختتام پاک فوج کی کامیابی، ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات