تلہ گنگ ،بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا اہتمام

بدھ 7 مئی 2025 19:30

تلہ گنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ریلی کا اہتمام کیا گیا ،ریلی مندیال چوک سے شروع ہوئی جو ہائی سکول اور الفلاح بنک سے ہوتی ہوئی الکرم چوک پہنچی جہاں ریلی جلسہ کی شکل اختیار کر گئی ۔ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے ملک فلک شیر اعوان ، سابق ایم پی اے سید تقلید رضا شاہ ہمدانی ،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا آزاد بھٹی، جے یو آئی ف کے ضلعی امیر مولانا مقصود احمد سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی ۔ مقررین نے پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بروقت جواب دینے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ بری ، فضائی اور نیوی فوج ہماری آن اور شان ہے ۔

پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ یہ پاک فوج ہی ہے جس کی بدولت قوم رات کو اطمینان سے سوتی ہے ۔ ہم پاک فوج کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ دشمن کا سر کچلنے کےلئے جو بھی اقدام اٹھائے گی ہم ان کے ساتھ ہونگے ۔ شرکاء نے پاک فوج کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار بلند و بالا نعروں سے کیا ۔