ہیڈ کوارٹر اور تمام سرکل دفاتر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے جامع انتظامات کیے جائیں،بجلی کا نظام متاثر نہ ہو، چیف ایگزیکٹو میپکو

بدھ 7 مئی 2025 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس چیف ایگزیکٹو میپکو انجینئر گُل محمد زاہد کی زیر صدارت منعقد ہوا،جس میں موجودہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کنٹرول روم کے قیام سمیت مختلف حفاظتی اقدامات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہیڈ کوارٹر اور تمام سرکل دفاتر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے جامع انتظامات کئے جائیں گے تاکہ بجلی کی ترسیل و تقسیم کا نظام متاثر نہ ہو۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ہیڈ کوارٹر میں کنٹرول روم قائم کر دیاگیا ہے،کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع رابطہ نمبر 0619220322پر دی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

کنٹرول روم میں چوبیس گھنٹے تین شفٹوں میں سٹاف کو تعینات کیاگیاہے اور انہیں الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔کنٹرول روم کے قیام کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال پر بروقت ردعمل دینا اور ادارے کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے تمام افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ مشکوک افراد یا سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع کنٹرول روم کو دیں۔

ادارے کے تمام ملازمین موجودہ نازک ملکی حالات میں اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دیں۔احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، وقوعہ کی جگہ کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ امدادی اور مرمتی کام بروقت مکمل کیا جا سکے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں میپکو کے ٹول فری نمبر 0800-63726/118،بجلی کے بلوں پر درج آپریشن سرکلوں، آپریشن ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں کے رابطہ نمبرز اور افسران کے موبائل نمبرز پر اطلاع دی جاسکتی ہے۔قبل ازیں شہدائے بہاولپور کے لئے اجتماعی دُعا و فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیاگیا۔