Live Updates

ترقی یافتہ اور باشعور معاشرے کی بنیاد اجتماعی فلاح وبہبود کے جذبے سے رکھی جا سکتی ہے،عاطف منیر

بدھ 7 مئی 2025 22:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) ڈسٹرکٹ گورنر لائنز کلب انٹرنیشنل پاکستان عاطف منیر شیخ نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ، باشعور اور خود کفیل معاشرے کی بنیاد سماجی خدمت اور اجتماعی فلاح و بہبود کے جذبے سے ہی رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں کی کامیابی میں غیر سرکاری تنظیموں اور سماجی اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

یہ بات انہوں نے ملتان جیسمین لائنز کلب کی آفیشل وزٹیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کلب کی ممبران سمیت مختلف سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ عاطف منیر مزید کہا کہ جیسمین لائنز کلب نے معاشرتی بھلائی کے مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں جن میں تعلیم، صحت، خواتین میں بریسٹ کینسر کی آگاہی، شجر کاری، معذور افراد کی بحالی، نادار بچوں کی کفالت اور خواتین کی تربیت کے منصوبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزٹیشن کی تقریب سے فرسٹ وائس ڈسٹر کٹ گورنر ڈاکٹر نثار احمد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیسمین لائنز کلب کی رکن خواتین نہ صرف جذبہ خدمت سے سرشار ہیں بلکہ عملی طور پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہی ہیں۔ وہ مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گی۔ کلب کی صدر، شائشتہ ذیبا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمت ہمارا مشن ہے اور ہماری ہر ممبر پوری ذمہ داری، خلوص اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔

ہمارے تمام تر منصوبے مشترکہ تعاون، خود اعتمادی اور خدمت کے جذبے سے جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلب نہ صرف فلاحی منصوبوں پر کام کر رہا ہے بلکہ عوامی شعور کی بیداری، ماحولیاتی تحفظ اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی سرگرم ہے۔ انہوں نے ممبران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی اتحاد اور عزم کلب کی کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔سیکرٹری عفیفہ شہزاد،جیسمین فرخ،فرحت شفیق، عاصمہ ارسلان،ساجدہ خلیل رفعت اعظم،عالیہ افضل،نرگس اشفاق،سمیرا اخلاق،انجم جیلانی، شگفتہ شہزاد ودیگر ممبران نے شرکت کی۔ آخر میں مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ سماجی خدمات پر نمایاں کردار ادا کرنے والی ممبران کو ایوارڈ پیش کئےگئے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات