معیشت کے کلیدی اشاریے مثبت ہیں، حکومت اخراجات میں کمی، کارکردگی میں بہتری اور نجکاری کے پروگرام کو آگے بڑھا رہی ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ڈوئچے بینک کے وفدسے ملاقات میں گفتگو

بدھ 7 مئی 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ معیشت کے کلیدی اشاریے مثبت ہیں، حکومت اخراجات میں کمی، کارکردگی میں بہتری اور نجکاری کے پروگرام کو آگے بڑھا رہی ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں ڈوئچے بینک کے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں کہی۔

ملاقات میں پاکستان میں کلی معیشت کے استحکام، اصلاحاتی ایجنڈے اور مالیاتی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈوئچے بینک کے وفد میں بنک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گلوبل ہیڈ آف ایمَرجنگ مارکیٹس اسٹرکچرنگ شری کانت پدمنابھن، منیجنگ ڈائریکٹر سب صحارا افریقہ کوریج میریم اوزانی، چیف کنٹری آفیسر ڈوئچے بینک پاکستان کامران زیدی اور ہیڈ آف لون سنڈیکیشن عثمان جاوید شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیر ِ خزانہ نے ڈوئچے بینک کی ٹیم کو حکومت پاکستان کی اصلاحاتی ترجیحات، مالیاتی استحکام، مہنگائی پر قابوپانے، سرکاری اداروں کی تنظیمِ نو، اور سرمایہ کار دوست ریگولیٹری ماحول سے آگاہ کیا۔انہوں نے بینک حکام کو حکومتی اخراجات میں کمی، کارکردگی میں بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے نجکاری پروگرام کے بارے میں بھی بتایا۔

ملاقات میں ڈوئچے بینک کے ساتھ سنڈیکیٹڈ قرضہ جات، قرض کے سرمائے کی منڈیاں، تجارتی مالیات اور پائیدار مالیات بالخصوص صاف توانائی کے منصوبوں میں ممکنہ شراکت داری کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے بینک حکام کو پاکستان کی بلینڈڈ فنانس، پرائیویٹ پلیسمنٹ اور ایس ایم ایز کے لیے ہدفی تجارتی مالیاتی حل جیسی اچھوتی مالیاتی سکیموں میں پاکستان کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔

فریقین نے تجارتی مالیاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی اہمیت اور پاکستان کے کاروباری اداروں کے لیے سرمایہ تک رسائی اور سرحد پار تجارت کو بہتر بنانے میں ڈوئچے بینک کے عالمی نیٹ ورک کے کردار کو تسلیم کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاونت اور باہمی تعاون کے نئے مواقع کی فراہمی کے لیے پاکستان اور ڈوئچے بینک کے درمیان روابط کے تسلسل کی افادیت پر اتفاق کیا گیا۔