فیسکو ریجن میں بجلی کی مسلسل فراہمی اولین ترجیح ہے ،انجینئرعامر خان

جمعرات 8 مئی 2025 13:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئرعامر خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں فیسکو ریجن میں بجلی کی مسلسل فراہمی فیسکو کی اولین ترجیح ہے لہٰذا اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ موجودہ پاک بھارت جنگی صورتحال میں فیسکو ریجن میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فیسکوآپریشنل سٹاف کو ہائی الرٹ رہنے اور فیسکو کے عملہ کو فیسکو ایریا میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیسکو کی سینئر مینجمنٹ کو ہنگامی صورتحال میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات اورریجنل ڈسٹری بیوشن کنٹرول سنٹر کے عملہ کو 24گھنٹے متحرک رکھنے کا حکم دیاگیا ہے تاکہ بجلی کے کسی بھی بریک ڈاؤن یا فیڈر بند ہونے کی صورت میں فوری طور پر بجلی کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گرڈسٹیشن کنسٹرکشن (جی ایس سی) اور گرڈسٹیشن آپریشن (جی ایس او) سمیت تمام عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں صارفین کو بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انجینئر محمد عامر نے فیسکو افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ ہر طرح سے الرٹ رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کال کی صورت میں فوری رسپانس کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی پر پہنچیں تاکہ صارفین کو کسی بھی صورت حال میں بجلی تعطل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔