وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے سینیٹر پرویز رشید کی ملاقات ، پاک بھارت کشیدگی کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال

جمعرات 8 مئی 2025 18:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے سینیٹر پرویز رشید نے جمعرات کو ملاقات کی اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔وفاقی وزیر نے رات کی تاریکی میں بھارت کی جانب سے مریدکے میں واقع مسجد پر حملے کو بزدلانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت کی طرف سے آئندہ کوئی شرارت ہوئی تو پاکستان ایسا جواب دے گا جو دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے اور ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ سیاسی اور عسکری قیادت بھی ہم قدم ہے۔

رانا تنویر حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری اور دفاعی صلاحیتوں پر قوم کو فخر ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کا نوٹس لیا جائے۔ ملاقات کے دوران ملکی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔