بشریٰ بی بی کا نام مقدمہ سے خارج کرنے سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مختلف درخواستیں واپس لینے پر نمٹا دی گئیں

جمعرات 8 مئی 2025 22:45

ک*راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2025ء) ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے 9 مئی کے مقدمات میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کا ریمانڈ نہ ملنے کے حکومتی درخواست کی سماعت ملتوی کردی ہے اور پراسیکیوشن کی جانب سے بشریٰ بی بی کا نام مقدمہ سے خارج کرنے سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مختلف درخواستیں واپس لینے پر نمٹا دی ہیں گزشتہ روز سماعت کے موقع پر تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمہ میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کے خلاف درخواست پر بحث کے لئے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کردی اسی طرح سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ ٹیکسلا میں درج مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے اور اور حماد اظہر کیخلاف میانوالی میں درج مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری نہ کرنے پر اے ٹی سی سرگودھا کے حکم کے خلاف درخواستوں پر مہلت کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انہیں تیاری کے لئے وقت دیا جائے عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی جبکہ ماتحت عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات سے بشریٰ بی بی کا نام خارج کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف پراسیکیوشن نے اپیل دائر کی تھی اسی طرح گزشتہ روز سماعت کے دوران سرکار کی جانب سے بشریٰ بی بی کے خلاف درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی جس کے لئے پراسیکیوشن کے وکیل کا موقف تھا کہ چونکہ سپریم کورٹ کا 9 مئی سے متعلق تمام مقدمات 4 ماہ میں نمٹانے کے حکم موجود ہے لہٰذا ان مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے دیا جائے اسی طرح حکومت نے انسداد دہشت گردی عدالت سے شیخ رشید سمیت 9 مئی کے مقدمات میں 39 ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لئے دائر درخواستیں بھی واپس لیلیں۔