حنا الطاف بھارتی اداکاروں پر برس پڑیں، بزدل قرار دے دیا

ہمیں ایسے لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی کوئی ضرورت نہیں جو انتہائی سنگین حالات میں بھی حق کے لیے آواز نہیں اٹھا سکتے، اداکارہ

جمعرات 8 مئی 2025 23:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)اداکارہ حنا الطاف نے بھارتی فوج کی جانب سے نہتے پاکستانی شہریوں پر رات کے اندھیرے میں کیے گئے حملے پر خوش ہونے والے بھارتی اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔حنا الطاف نے اپنی انسٹا اسٹوری میں مشہور بھارتی اداکاروں کی جانب سے پاکستان میں معصوم جانوں کے نقصان پر خوشی میں کئے گئے ٹوئٹس کا ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ پاکستان سرحد کے دونوں جانب معصوم جانوں کے نقصان کی مذمت کرتا ہے مگر ہمارے دکھ پر آپ لوگوں کو خوش ہوتے اور جشن مناتے دیکھنا بہت تکلیف دہ ہے۔اداکارہ نے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ میں صرف یہ کہنا چاہتی ہوں کہ ان تمام بھارتی اداکاروں اور ان لوگوں کو ان فالو اور ان سبسکرائب کریں جنہوں نے پاکستان میں رہنے کا انتخاب کیا لیکن جب ان کے وطن کی مٹی کو ان کی ضرورت پڑی تو خاموش رہے۔

انہوں نے لکھا کہ سرحد کے پار کچھ لوگ جنگی جنون میں مبتلا ہیں جبکہ ہم مسلسل امن اور دوستی کی بات کر رہے ہیں لیکن دوستی کبھی بھی یکطرفہ نہیں ہوسکتی۔حنا الطاف نے لکھا کہ ہمیں ایسے لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی کوئی ضرورت نہیں جو انتہائی سنگین حالات میں بھی حق کے لیے آواز نہیں اٹھا سکتے۔