غلنئی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، ہنگامی پلان تشکیل

عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈی سی آفس میں 24گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 8 مئی 2025 23:52

غلنئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)ضلع مہمند میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، ہنگامی پلان تشکیل۔مہمند صوبائی حکومت کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر مہمند محمد یاسر حسن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کوآرڈنیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع حفاظتی پلان تشکیل دیا گیا۔

اجلاس میں محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس، واپڈا، بلدیات اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تمام اداروں کو ہنگامی حالات میں فوری اور مربوط ردعمل یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈی سی آفس میں 24گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تمام محکموں کے سربراہان کو عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے ڈیوٹی یقینی بنانے، جبکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں۔انہوں نے تعلیمی اداروں کو طلبا کو والینٹئرز/سکاٹس ٹریننگ دینے، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی۔ تعمیراتی محکموں سے سرکاری و نجی ہیوی مشینری کی فہرستیں مرتب کرنے جبکہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو اشیائے خورد و نوش کی فراہمی اور قیمتوں کی نگرانی کا حکم دیا گیا۔

محکمہ بلدیات کو مقامی کمیٹیوں کو فعال کر کے عوام میں آگاہی مہم چلانے اور مشکوک افراد کی اطلاعات متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اکرام اللہ نے کہا کہ نوجوانوں میں حب الوطنی اجاگر کرنے اور انہیں قومی سلامتی سے متعلق حساس بنانے کیلئے علما، عمائدین، اساتذہ اور میڈیا اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :