لاہور داتا دربار خود کش حملے میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے پولیس شہدا کی 6ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا، آئی جی پنجاب

جمعہ 9 مئی 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور داتا دربار خود کش حملے میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا کی 6 ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں اور ان کی فیملیز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 2019 میں آج ہی کے دن پنجاب پولیس کے 5 اہلکاروں نے لاہور داتا دربار پر دوران ڈیوٹی خود کش حملے میں جام شہادت نوش کیا۔

شہید ہونے والوں میں 03 ہیڈ کانسٹیبلز اور 02 کانسٹیبلز شامل ہیں۔ ہیڈ کانسٹیبلز گلزار علی، شاہد نذیر، محمد سہیل، کانسٹیبلز محمد سلیم اور صدام حسین نے دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پنجاب پولیس فیصل آباد کے شہید سب انسپکٹر احمد رضا کی عظیم قربانی کوبھی خراج عقیدت پیش کیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد کے تھانہ باہلک کے انچارج انویسٹی گیشن سب انسپکٹر احمد رضا دوران ریڈ ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔

شہید سب انسپکٹر نے ٹیم کے ہمراہ دو اشتہاریوں اظہر اور روف کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ سی پی او فیصل آباد، صاحبزادہ بلا عمر نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے شہید سب انسپکٹر احمد رضا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہید کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور فلاح و بہبود کا بھرپور خیال رکھا جائیگا۔