فلسطینی نائب صدر کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات

عالمی سطح پر فلسطینی موقف کو موثر انداز میں اجاگر کرنے پر زور دیاگیا

جمعہ 9 مئی 2025 12:14

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)فلسطینی نائب صدر حسین الشیخ نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔عرب ٹی وی کے مطابق اس اہم ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال اور مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ریاض میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے مشترکہ طور پر مسئلہ فلسطین کی حمایت جاری رکھنے، سیاسی تعاون کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر فلسطینی موقف کو مثر انداز میں اجاگر کرنے پر زور دیا۔

سعودی قیادت نے اس موقع پر فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف مشترکہ سفارتی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے باور کرایا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ہر سطح پر ان کے حق خودارادیت اور ان کی آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا رہے گا۔فلسطینی نائب صدر نے غزہ کی پٹی اور فلسطین کی تازہ ترین صورت حال کے حوالے سے ولی عہد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت کی تاریخی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی سعودی عرب نے فلسطینی کاز کو اولیت دی ہے۔ فلسطینی قوم سعودی عرب کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔