Live Updates

پاکستان اپنے اور دنیا کے دیگر خطوں میں امن و استحکام کا خواہاں ہے،اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون

جمعہ 9 مئی 2025 13:47

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ ہم سلامتی کونسل کی قراردادوں کے فریم ورک کے اندر عالمی عدم پھیلاؤ کے اصولوں اور جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مقصد کی حمایت کرتے ہیں،پاکستان اپنے اور دنیا کے دیگر خطوں میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

انہوں نے ’’عدم پھیلاؤ/ عوامی جمہوریہ کوریا‘‘ کے عنوان سے ایک بحث کے دوران کہا کہ پاکستان جزیرہ نما کوریا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتی سرگرمیوں اور بات چیت پر زور دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل کی قراردادوں کے فریم ورک کے اندر عالمی عدم پھیلاؤ کے اصولوں اور جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مقصد کی حمایت کرتے ہیں،ہم دنیا میں کہیں بھی جوہری تجربے کی بحالی کی مخالفت کرتے ہیں اور کسی بھی رکن ملک کی طرف سے یو این ایس سی کی قراردادوں کی خلاف ورزی کو بغیر کسی استثنا کے تشویش کے ساتھ دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سفیر عثمان جدون نے تمام متعلقہ افراد پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور موجودہ تناؤ میں اضافہ نہ کریں یا کوئی ایسا اقدام نہ کریں جو امن و سلامتی کے لیے نقصان دہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو خطے میں تناؤ کو کم کرنے کے طریقے تلاش کرنے ، اعتماد اور سلامتی کی تعمیر کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنے میں قیادت کرنی چاہیے۔پاکستانی سفیر نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے اور عدم پھیلاؤ کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اجتماعی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ایسے اقدام یا مداخلت کی مخالفت کرتا ہے جو جزیرہ نما کوریا کو مزید غیر مستحکم کر سکتا ہے اور خطے میں موجودہ کشیدگی میں اضافہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سلامتی کونسل مذاکرات کو بحال کرنے اور خطے میں کشیدگی اور امن و سلامتی کو لاحق خطرات کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے میں اتحاد کا مظاہرہ کرے گی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات