ہجیرہ کے عوام نڈر، باہمت اور وطن کے سپاہی ہیںبھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا،سردار عامر الطاف خان

تاریخ گواہ ہے کہ پونچھ کے غیور عوام نے ہمیشہ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا ہے

جمعہ 9 مئی 2025 16:25

ہجیرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء) وزیر حکومت برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ ہجیرہ اور پونچھ کے عوام غیورباہمت اور وطن سے محبت کرنے والے سپاہی ہیں وہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہوتے ہیں اور اپنی دھرتی کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہجیرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیاسردار عامر الطاف خان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں بالخصوص ہجیرہ میں نہتے شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ اور بمباری کی شدید مذمت کی انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہجیرہ کے نہتے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جو بین الاقوامی قوانین انسانی حقوق اور جنگی اخلاقیات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس بزدلانہ حرکت کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا بھارت سول آبادی پر بم اور گولیاں برسا کر اپنی شکست خوردہ ذہنیت کا مظاہرہ کر رہا ہے لیکن وہ یہ جان لے کہ ہجیرہ اور پونچھ کی سرزمین سے کبھی دشمن کو کامیابی نہیں ملی اور نہ ہی آئندہ ملے گی تاریخ گواہ ہے کہ پونچھ کے غیور عوام نے ہمیشہ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا ہے۔

سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیںاور پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے انہوں نے ہجیرہ کے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ملکی دفاع کے اس قومی فریضے میں بھرپور کردار ادا کریں حکومت ہجیرہ و پونچھ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ہجیرہ کے عوام کے ساتھ ہیں متاثرہ علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، صبر اور حوصلے کی ضرورت ہے اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہوگا۔ہجیرہ کے عوام کو زخم انڈیا نے دیئے ہیں اس کا حساب ضرور لیا جائے گا عوام کے ساتھ کھڑے ہیں مشکل وقت ہے ایک دوسرے کا بازو بن جائیں ۔