سپیشل سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب کا شہباز شریف ہسپتال کا دورہ،انتظامات کا جائزہ لیا

جمعہ 9 مئی 2025 17:31

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نےشہباز شریف اسپتال ملتان کا دورہ کیا۔ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد آصف نے انہیں انتظامات بارے بریفنگ دی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنگی صورت حال میں میڈیکل ایمرجنسی کور کے لیے شہباز شریف ہسپتال ملتان میں ایک ایک وارڈ اور آئی سی یو جبکہ سپیشل نگہداشت وارڈ میں دو بیڈز مختص کیے گئے ہیں ۔

ضروری انجکشن، ایمر جنسی میڈیکل کٹس اور دیگر ادویات کا وافر سٹا ک بھی ہسپتال میں موجود ہے۔ہسپتال میں معلو مات کےلئے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔اس موقع پر سپیشل سیکریٹری نےبلڈ ٹرانسفیوژن آفیسر کو بلڈ بنک میں وافر مقدار میں مختلف گروپس کے خون کی دستیابی یقینی بنانے اورخون دینے والے رضا کاران سے مسلسل رابطہ کاری اور ان کے بلڈ گروپس کی فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب کے تمام اسپتال کسی بھی ایمر جنسی سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ ہیں۔تمام ڈاکٹروں، افسران اور سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں ڈیوٹی پر واپس بلا لیا گیا ہے۔ سپیشل سیکریٹری محمد شہباز حسین نے کہا کہ ایمرجنسی ادویات اور آکسیجن سپلائی کا وافر سٹاک تمام ہسپتالوں میں یقینی بنا دیا گیا ہے۔