Live Updates

پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا تو عالمی قوانین کے مطابق کیا جائے گا

مسلح افواج کو بھارت کو جواب دینے کا اختیار دیا گیا ہے، بھارت خود کو عالمی قوت سمجھ رہا تھا الٹا اس کی اپنی بے عزتی ہوگئی۔وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 مئی 2025 23:16

پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا تو عالمی قوانین کے مطابق کیا جائے گا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 09 مئی 2025ء ) وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا تو عالمی قوانین کے مطابق کیا جائے گا،مسلح افواج کو بھارت کو جواب دینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا تو عالمی قوانین کے مطابق کیا جائے گا۔

بھارت نے بلاجواز جارحیت کی پاکستان کے پاس جواب دینے کا حق ہے، مسلح افواج کو بھارت کو جواب دینے کا اختیار دیا گیا ہے، بھارتی جارحیت پر افواج پاکستان نے مئوثر جواب دیا، افواج پاکستان نے دشمن کا حملہ بھی پسپا کیا اور مرمت بھی خوب کردی، پاک فوج کے جواب دے بھارتی فوجیوں کو اپنی چیک پوسٹیں چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔

(جاری ہے)

بھارت خود کو عالمی قوت سمجھ رہا تھا الٹا اس کی اپنی بے عزتی ہوگئی، بھارتی میڈیا اس بے عزتی کی وجہ سے پاگل ہوگیا ہے اور جھوٹی خبریں چلا رہا ہے۔

دوسری جانب میڈیا کے مطابق برطانوی اخبارٹیلی گراف پاکستان کی فضائی کامیابی کا معترف ہوگیا ہے، برطانوی اخبار نے کہا کہ رافیل طیاروں کی تباہی آسمان پر پاکستان کے راج کا اعلان ہے، چین پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی نے عالمی عسکری ماہرین کو نظریہ بدلنے پر مجبورکردیا ہے، پاک چین مشترکہ ٹیکنالوجی اتنا خوف کہ بھارتی رافیل سرحد سے 300 کلومیٹر دور رہے۔

پاکستان نے بھارتی رافیل گرا کر فضاؤں میں اپنی برتری ثابت کردی ہے۔ پاکستان نے نادیدہ اور خاموش ٹیکنالوجی سے بھارت پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ تمام بھارتی پائلٹس حیران ہوگئے کہ اگر رافیل جیٹ تباہ ہوسکتا ہے توکوئی بھی نہیں بچ سکتا۔ مزید برآں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ٹی آرٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت سے آرٹلری ، مارٹرگولے اور دیگر بڑے ہتھیار وں سے گولہ باری جاری ہے، بدقسمتی سے بھارت جان بوجھ کر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان جوابی کارروائی میں بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان اپنے دفاع میں چھوٹے ہتھیاروں سے بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ جب پاکستان اپنے دفاع میں کارروائی کرے گا تو دنیا دیکھے گی، جب پاکستان کارروائی کرے گا تو بھارتی میڈیا کو دنیا کو بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ 
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات