غ*پاک بھارت کشیدگی،پنجاب کے تمام پرائیویٹ ہسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا

ض*تمام آپریشن تھیٹرز، طبی آلات اور مشینری کو فعال حالت میں رکھیں،مراسلہ جاری

جمعہ 9 مئی 2025 20:20

6لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2025ء) پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پنجاب کے تمام پرائیویٹ ہسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا، پرائیویٹ ہسپتالوں کو 35فیصد بیڈز ہنگامی صورتحال کیلئے مختص کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن نے نجی اسپتالوں کو مراسلہ لکھ دیا۔مراسلے کے مطابق نجی ہسپتالوں کو اپنے 35فیصد بیڈز ہنگامی حالات کے لیے مختص کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ہسپتالوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایمرجنسی پلان مرتب کریں اور تمام آپریشن تھیٹرز، طبی آلات اور مشینری کو فعال حالت میں رکھیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ اسپتال ایمرجنسی میڈیسن و ڈسپوزایبلز کا وافر سٹاک رکھیں، پرائیوٹ ہسپتالوں میں جنریٹر درست حالت میں ہونے چاہئیں، پرائیویٹ ہسپتالوں میں پانی و دیگر ضروریات دستیابی یقینی بنائی جائے، پرائیویٹ سپتالوں میں ڈاکٹرز و طبی عملہ موجود ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارتی جارحیت کے بعد ملک بھر میں صحت ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال نے وفاق کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم جاری کیا جس کے بعد گرینڈ ہیلتھ الائنس نے بھی پنجاب میں جاری 3ہفتوں سے ہڑتال فوری ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔