Live Updates

قومی وحدت کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے ‘ پنجاب بار کونسل

پاکستانی حکومت نے سفارتی محاذ پر بھی زبر دست کامیابی حاصل کی ‘ وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ

اتوار 11 مئی 2025 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ نے پاک افواج کے آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘کی کامیابی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا جس کے بعد بھرپور جواب دینا نا گزیر ہو گیا تھا، ہمارے ازلی دشمن نے ہمیشہ رات کی تاریکی میں حملہ کیا جبکہ پاکستان کی بہادر ائیر فورس نے دن کے اجالے میں بھارت کے تکبر اور غرور کو خاک میں ملایا ۔

اپنے بیان میں وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد پاکستانی قوم نے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کیا جس سے پاک افواج کے حوصلے بھی بلند ہوئے ۔ قومی وحدت کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے طاقت کے نشے میں چُور ہو کر جارحیت کی لیکن وہ یہ بھول گیا تھا کہ اس کا کس قوم سے پالا پڑا ہے ، پاکستان کا بچہ بچہ جذبہ شہادت سے سر شار ہے اور ایسی قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور ہم نے یہ ثابت بھی کیا ہے لیکن اگر کوئی ہماری قومی سلامتی پر حملہ کرے گا تو اس کا ایسے ہی منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی افواج خصوصاً ائیر فورس نے دنیا کی بہترین اور پروفیشنل افواج ہونے کا عملی ثبوت دیا ،پاکستان کی افواج نے بھارت میں کسی بھی جگہ سویلین آبادیوں کو نشانہ نہیں بنایا ۔پاکستانی حکومت نے سفارتی محاذ پر بھی زبر دست کامیابی حاصل کی اور بھارت کومنہ کی کھانا پڑی ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات