Live Updates

امریکہ اور ایران کے مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں، عراقی صدر

عراقی سرزمین کو دیگر پر حملہ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے، گفتگو

اتوار 11 مئی 2025 15:40

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)عراقی صدر عبداللطیف رشید نے امریکہ اور ایران کے مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مذاکرات کی ناکامی سے پورے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ تنا اور اختلافات میں اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے عرب ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ وہ ایک پڑوسی اور دوست ملک ہے۔

ہماری ایک طویل مشترکہ سرحد ہے۔ عبد اللطیف نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ بھی ہمارے اچھے تعلقات ہیں، وہ ایک عظیم طاقت ہے جس کے ساتھ ہمارے مشترکہ مفادات وابستہ ہیں ۔عراق میں امریکی افواج اور بین الاقوامی اتحاد کی موجودگی کے بارے میں عبد اللطیف رشید نے کہا کہ ان کی موجودگی دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان دو طرفہ معاہدوں پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں فریقوں کے درمیان جاری مذاکرات ہی اتحادی افواج کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔عراقی صدر نے یہ بھی کہا کہ بغداد اور واشنگٹن کے درمیان معلومات کا تبادلہ جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن بغداد کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی جانب سے کسی بھی گروہ یا تنظیم کو عراقی سرزمین کو پڑوسی ممالک اور غیر پڑوسی ممالک پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔

انہوں نے پڑوسی ممالک سے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔عراق میں انتخابات کے حوالے سے عراقی صدر عبد اللطیف رشید نے کہا کہ ہم عراق میں گزشتہ برسوں کے دوران بغیر کسی تاخیر کے اپنے وقت پر انتخابات کرانے پر فخر کرتے ہیں۔ ہم نے آئندہ انتخابات کی تاریخ مقرر کر دی ہے اور ریاست کے تمام ادارے اس اہم عمل کے لیے تیار ہیں۔ یہ اگلے انتخابات بھی اپنے وقت پر بغیر کسی تاخیر یا توسیع کے منعقد ہو جائیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات