لالچند اکرانی کی نوکوٹ آمد، مقتول سومرو مل بھیل کے ورثا سے تعزیت، مکمل تعاون کی یقین دہانی

سومرو مل بھیل جیسے وفادار اور محنتی رہنما پارٹی کا قیمتی سرمایہ تھے اور ان کی قربانی کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ

اتوار 11 مئی 2025 22:55

نوکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء) وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور و پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی ونگ سندھ کے صدر ڈاکٹر لالچند اکرانی نے نوکوٹ پہنچ کر پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی ونگ ضلع تھرپارکر کے جنرل سیکریٹری سومرو مل بھیل پر قاتلانہ حملہ کر کے قتل کرنے کے افسوسناک واقعے پر انکے اہلخانہ سے تعزیت کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر لالچند اکرانی نے کہا کہ سومرو مل بھیل جیسے وفادار اور محنتی رہنما پارٹی کا قیمتی سرمایہ تھے اور ان کی قربانی کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اس افسوسناک واقعے کے بعد مکمل طور پر ضلع انتظامیہ سے رابطے میں ہوں، ایس ایس پی تھرپارکر نے یقین دہانی کروائی ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور جلد مجرموں کو گرفتار کر کے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈاکٹر لالچند اکرانی نے سومرو مل بھیل کے اہلخانہ کی مالی مدد اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے ہر ظلم پر سخت کارروائی کرے گی، اقلیتی برادری کے خلاف ظلم کو کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ واقعہ ہماری اقلیتی برادری کو دبانے کی ناکام کوشش ہے، جس کا ہم سب مل کر مقابلہ کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی ونگ ضلع تھرپارکر کے صدر امر کنور، ڈاکٹر مکھی اشوک کمار اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔