Live Updates

نرسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں واقعی قابل تحسین ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کا عالمی یوم نرسنگ پر پیغام

پیر 12 مئی 2025 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) عالمی یوم نرسنگ کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نرسوں کے صحت کے نظام میں کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے انہیں "صحت کی خدمات کی ریڑھ کی ہڈی" قرار دیا اور ان کی لگن، ہمدردی اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نرسوں کی خدمات ناقابلِ فراموش اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں عزت و احترام دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خدمت کا جذبہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں واقعی قابلِ تحسین ہیں۔مراد علی شاہ نے نرسنگ کے شعبے کی ترقی کے لیے سندھ حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبے بھر میں نرسنگ کی تعلیم، تربیت اور فلاحی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں نرسنگ کالجز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور نرسنگ کی تعلیم کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

نرسنگ کے شعبے سے وابستہ ہونے کے خواہش مند طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔نرسوں کی تنخواہوں اور مالی مراعات میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔نرسوں کو جدید طبی معیار کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے۔نرسنگ کے شعبے میں تحقیق کو فروغ دینے اور پالیسی و ادارہ جاتی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نرسوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے اداروں کے ساتھ مسلسل تعاون جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نرسوں کی فلاح و بہبود اور عوامی صحت کی بہتری سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی نرسوں نے ہمیشہ ذمہ داری اور جرأت کے ساتھ اپنی خدمات انجام دی ہیں،خاص طور پر بحرانوں کے دوران ان کا کردار قابلِ ستائش رہا ہے۔انہوں نے معاشرے میں نرسنگ کے شعبے کی اہمیت کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور عزم ظاہر کیا کہ ان کی حکومت کے دوران اس شعبے میں اصلاحات اور بہتری کا عمل جاری رہے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات