اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 12 مئی 2025ء) ویراٹ کوہلی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا، ''یہ آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن ٹھیک معلوم ہوتا ہے۔‘‘
دنیائے کرکٹ کے بھارتی اسٹار ویراٹ کوہلی نے اپنے 14 سالہ کیریئر میں 123 ٹیسٹ میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی۔ ان میں سے 68 میچوں میں انہوں نے کپتانی کے فرائض سر انجام دیے۔
سن 2011ء میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے والے کوہلی نے اس فارمیٹ میں 46.85 کی اوسط سے نو ہزار 230 رنز بنائے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق 36 سالہ ویراٹ کوہلی نے عوامی سطح پر یہ اعلان کرنے سے قبل بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کو مطلع کر دیا تھا۔ خیال تھا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف 20 جون سے شروع ہونے والی پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شامل ہوں گے۔
(جاری ہے)
اس ہفتے کے آغاز پر اسٹار بھارتی بلے باز روہت شرما کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بی سی سی آئی چاہتا تھا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کا حصہ ہوں کیونکہ اس سیریز میں نئے کپتان شُبھمن گِل کو تجربہ کار ساتھی کی ضرورت ہو گی۔ ایک اور تجربہ کار کرکٹر روی چندر ایشون نے بھی گزشتہ سال ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
ویراٹ کوہلی یاد رہیں گے!
اپنے ٹیسٹ کیریئر میں ویراٹ کوہلی نے 30 سنچریاں اسکور کیں جبکہ سات ڈبل سنچریاں۔
بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں اتنی زیادہ ڈبل سنچریاں کسی کھلاڑی نے نہیں بنائی ہیں۔کوہلی بھارت کی طرف سے سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آتے ہیں۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر 15 ہزار 921 رنز بنانے والے سچن تندولکر ہیں۔ دوسرے 13 ہزار 265 رنز بنانے والے راہول دراوڈ جبکہ تیسرے نمبر پر سنیل گواسکر ہیں، جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئر میں 10 ہزار 122 انفرادی رنز بنائے۔
اگرچہ ٹیسٹ کرکٹ میں ویراٹ کوہلی کی فارم میں تسلسل کی کمی دیکھی جا رہی تھی لیکن پھر بھی وہ اس وقت دنیائے ٹیسٹ کے چار بہترین بلے بازوں میں شمار کیے جاتے تھے۔ اس لسٹ میں دیگر کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، انگلینڈ کے جو روٹ اور آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ شامل ہیں۔
وایرٹ کوہلی کی ریٹائرمنٹ پر دنیائے کرکٹ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اور ماہرین انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
معروف کامنٹیٹر ہارشا بھوگلے کے مطابق کرکٹ کی سمجھ بوجھ رکھنے والے حلقوں میں ویراٹ کوہلی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔کوہلی نے گزشتہ سال بھارت کی ورلڈ کپ فتح کے بعد بین الاقوامی ٹی 20 فارمیٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اب ویراٹ کوہلی صرف بین الاقوامی ون ڈے میچوں میں بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
ادارت: افسر اعوان