وزارت موسمیاتی تبدیلی اور وزارت مواصلات کا موٹرویز اور شاہراہوں کے اطراف موسمی مطابقت رکھنے والے پھل دار درختوں کی تجارتی شجرکاری کے منصوبے پر مشاورتی اجلاس

پیر 12 مئی 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک اور وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کے مابین موٹرویز اور شاہراہوں کے اطراف موسمی مطابقت رکھنے والے پھل دار درختوں کی تجارتی شجرکاری کے منصوبے پر بین الوزارتی اشتراک کے لیے اہم مشاورتی اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شجرکاری علاقائی اور موسمی حالات سے ہم آہنگ ہوگی اور ابتدائی تین سال کے لیے لیز پر دی جائے گی تاکہ نجی شعبے کی شمولیت ممکن ہوسکے، اس اقدام کا مقصد حکومتی اخراجات کے بغیر آمدنی کا حصول، ماحولیاتی بہتری اور کاربن فٹ پرنٹ میں کمی کو یقینی بنانا ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ منصوبے کی موثر تکمیل کے لیے دونوں وزارتوں کے مابین قریبی تعاون ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے کاربن کریڈٹ کے حصول اور تکنیکی معاونت کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ منصوبے پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی وزیر نے 72 گھنٹوں کے اندر ایک "سٹرائیک ٹیم" تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی جو عملی منصوبہ بندی، نفاذ کے طریقہ کار اور کاربن کریڈٹ کے حساب کتاب کے فریم ورک کی تیاری کی ذمہ دار ہوگی۔

اجلاس میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی محمد شہریار سلطان اور انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بی اے ناصر بھی شریک ہوئے جنہوں نے منصوبے کی کامیابی کے لیے مکمل ادارہ جاتی تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ بیان کے مطابق وزارت موسمیاتی تبدیلی ملک میں پائیدار، قابل عمل اور اختراعی ماحولیاتی اقدامات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے تاکہ قومی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو ہم آہنگ کیا جا سکے۔