Live Updates

گورنربلوچستان کی بھارتی جارحیت کیخلاف جنگ میں پاکستان کی شاندار جیت پر قوم کو مبارکبا د

فتح نے پوری مسلم ورلڈ میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے جسکا کریڈٹ افواج پاکستان اور موجودہ حکومت کو جاتا ہے،شیخ جعفر خان مندوخیل

پیر 12 مئی 2025 22:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نیبھارتی جارحیت کیخلاف جنگ میں پاکستان کی شاندار جیت پر قوم کو مبارکبا ددیتے ہوئے کہاہے کہ فتح نے پوری مسلم ورلڈ میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے جسکا کریڈِ افواج پاکستان اور موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔تفصیلا ت کے مطابق گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے 15ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس ورکشاپ کے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہونگے،بھارتی جارحیت کے خلاف حالیہ جنگ میں پاکستان کی شاندار جیت پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکبا دی،اس فتح نے پوری مسلم ورلڈ میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے جسکا کریڈٹ افواج پاکستان اور موجودہ حکومت کو جاتا ہے، یہ بات قابل فخر ہے کہ پاکستان نے معیشت اور اسلحہ میں اپنے سے کئی گنا بڑھے ملک بھارت کو شکست دی، یہ کارنامہ پاکستان کے غیرمتزلزل جذبے اور عسکری صلاحیتوں کے ثبوت کے طور پر تاریخ میں لکھا چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزراء راحیلہ حمید خان درانی، میر عاصم کرد گیلو، محمد خان لہڑی، ہادیہ نواز اور نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے چیف کوآرڈینیٹر بلوچستان بریگیڈیئر بلال بھی موجود تھے۔اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ تین ہفتے کے دورانیہ پر مشتمل ورکشاپ کا مقصد دراصل خطے کے تازہ ترین حالات و واقعات سے آگہی حاصل کرنا ہے تاکہ ہم اپنی پائیدار معاشی ترقی اور سماجی انصاف کی پاسداری کیلئے ضروری اقدامات اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل، معدنیات اور رقبے کے لحاظ سے بلوچستان ایک زرخیز صوبہ ہے اور یہ سینٹرل ایشیا کے ممالک تک رسائی کا زمینی راستہ فراہم کرتا ہے،یہ بات اعتماد کے ساتھ کی جا سکتی ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہی. آپ کی باہمی مشاورت اور اجتماعی دانش سے بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں مدد اور فکری رہنمائی مل سکتی ہے، اس ورکشاپ کے اختتام کے بعد آپ سب شرکاء پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ آپ ملک وصوبے کی پائیدار سیاسی و معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کرینگے۔

ورکشاپ کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہاکہ آپ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری قبول کریں۔ تمام سماجی برائیوں، بیروزگاری اور معاشی عدم استحکام سے نمٹ کر ہم ایک روشن اور محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔قبل ازیں گورنر مندوخیل نے پندرہویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات