Live Updates

پاکستان کا ردعمل تیز اور موثر تھا،ہم نے ثابت کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، عاصم افتخار احمد

منگل 13 مئی 2025 01:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد نےکہا ہے کہ پاکستان کا ردعمل تیز اور موثر تھا،ہم نے ثابت کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ پیر کوایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان نے ہمیشہ اس بات کو برقرار رکھا ہے کہ مذاکرات ہی امن کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اس ساری صورتحال میں تمام دوست ممالک خاص طور پر جو کشیدگی میں کمی کے لیے پرعزم ہیں کےساتھ قریبی رابطے میں ہے ۔انہوں نے عالمی رہنماؤں، دوست ممالک اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی کوششوں کا اعتراف کیا جنہوں نے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے کشیدگی کو حل کرنے کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کے درمیان جنگ بندی کی وسیع حمایت اس اتفاق رائے کے ساتھ تھی کہ تنازعہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کا مسئلہ جو طویل عرصے سے سائیڈ لائن تھا اب بین الاقوامی توجہ میں واپس آ گیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات