سینیٹر ساجد میر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری،پنجاب اسمبلی اراکین 29 مئی کو ووٹ ڈالیں گے

منگل 13 مئی 2025 14:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اراکین 29 مئی کو جنرل نشست پر ووٹ ڈالیں گے۔ یہ نشست سینیٹر ساجد میر کے 3 مئی 2025 کو انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ کو اس ضمنی انتخاب کے لیے ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جو الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 107 اور 127 کے تحت اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق امیدوار 14 اور 15 مئی کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ نامزد امیدواروں کے نام 16 مئی کو شائع کیے جائیں گے۔ کاغذاتِ نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 17 مئی تک دائر کی جا سکیں گی جبکہ جانچ پڑتال 20 مئی کو مکمل کی جائے گی۔اپیلوں پر فیصلے 22 مئی تک سنائے جائیں گے اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 23 مئی کو جاری ہوگی۔ امیدوار 24 مئی تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔پولنگ 29 مئی کو صبح 9 سے شام 4 بجے تک پنجاب اسمبلی بلڈنگ میں ہوگی جس میں پنجاب اسمبلی کے اراکین اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔