سکھر میں غذائی قلت پر قابو پانے کے حوالے سے اجلاس

منگل 13 مئی 2025 16:28

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) سکھر میں غذائی قلت پر قابو پانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ منگل کو ڈپٹی کمشنر آفس سکھر میں خوراک، ضلعی ایڈوائزری اور امپلیمنٹیشن پینل سے متعلق ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سکھر بشری منصور نے کی۔ اجلاس میں تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی جانب سے غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں، جن پر مشترکہ طور پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر اے ڈی سی ٹو سکھر نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد مشترکہ کوششوں کے ساتھ غذائی قلت کو ختم کرنا اور صحت مند خوراک کو فروغ دینا ہے۔ نیوٹریشن پر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر سندھ کے مختلف اضلاع میں کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی ٹو بشری منصور نے کہا کہ غذائی قلت کسی فرد کا نہیں بلکہ ایک سماجی مسئلہ ہے جسے مشترکہ کوششوں سے ختم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی کی او ٹی پی سائٹس پر بچوں کے داخلے اور ریکارڈ کا بہترین میکانزم موجود ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کو چاہیے کہ وہاں کی دورہ کریں۔ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی اس اہم کام میں حصہ لینا چاہیے اور غذائیت کی اہمیت کو پھیلانے کے لیے آئندہ اجلاس کو اوپن فورم کے طور پر ڈی سی آفس کے بجائے کسی اور نیوٹرل جگہ پر کیا جائے گا، جس میں تمام سٹیک ہولڈرز اپنی تین ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کریں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ اتنی کوششوں کے باوجود کیا نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

اے ڈی سی ٹو بشری منصور نے کہا کہ غذائی قلت کی شکار ماؤں کی کاؤنسلنگ انتہائی ضروری ہے کیونکہ اکثر مائیں خوراک کی اہمیت سے ناواقف ہوتی ہیں۔ اس لیے تمام سٹیک ہولڈرز کی طرف سے ماں اور بچے کی صحت کو بچانے، غذائی قلت کو کم کرنے اور عوام میں صحت مند خوراک کے بارے میں آگاہی پھیلانے پر زور دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اے ڈی ایچ او ڈاکٹر بشارت علی، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی راشد علی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناری فاؤنڈیشن انور مہر، فوکل پرسن لائیو سٹاک ڈاکٹر رفیق احمد، چیئرپرسن میونسپل کارپوریشن عذرا جمال اور ریسکیو 1122، سوشل ویلفیئر، پولیس، ایس پی او سکھر، پاپولیشن سمیت انٹرنیشنل اور نیشنل این جی اوز کے افسران اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔