بلوچستان ، نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے محکمہ کھیل مؤثر اقدامات کر رہا ہے،مشیر کھیل مینا مجید بلوچ

منگل 13 مئی 2025 19:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے محکمہ کھیل مؤثر اقدامات کر رہا ہے تاکہ وہ منفی سوچوں اور سرگرمیوں سے محفوظ رہ کر ایک صحت مند، باہنر اور کامیاب زندگی کی طرف گامزن ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہیں بلکہ یہ نوجوانوں کی شخصیت سازی، قیادت کی صلاحیتوں، ٹیم ورک اور نظم و ضبط جیسی خوبیوں کو بھی نکھارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کو صحیح وقت پر مناسب مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کھیل نے صوبے کے مختلف اضلاع میں سرگرم اسپورٹس کلبوں کو کھیلوں کا ضروری سامان فراہم کیا ہے تاکہ نوجوان بہتر انداز میں کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔

کھیلوں کے فروغ کی اس مہم میں جن کلبوں کو اسپورٹس آئٹمز فراہم کیے گئے ان میں شہید کاکا جمعہ خان فٹبال کلب نوشکی، غازی فٹبال کلب چاغی، شہید اکبر گورگیج فٹبال کلب کوئٹہ، بلوچ یونائیٹڈ کرکٹ کلب ڈیرہ بگٹی، براگ جان کرکٹ کلب خاران، خالصہ کرکٹ کلب کوئٹہ، شہید علی احسان فٹبال کلب خاران، الحفیظ کرکٹ کلب ڈیرہ مراد جمالی، رئیس موج علی کرکٹ کلب ڈیرہ مراد جمالی، الشہباز کرکٹ کلب ڈیرہ مراد جمالی اور ینگ بلوچ کرکٹ کلب سریاب کوئٹہ شامل ہیں۔

ان کلبوں کو فٹبال، کرکٹ بیٹس، بالز، کٹس، جرسیاں، و دیگر ضروری اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔محترمہ مینا مجید بلوچ نے اس موقع پر نوجوانوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں، کھیلوں میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر صوبے اور ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان، بالخصوص محکمہ کھیل، نوجوانوں کے لیے پٴْرعزم ہے اور ان کے لیے ایسے پلیٹ فارمز فراہم کر رہی ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ کھیل آئندہ بھی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا اور مزید اسپورٹس کلبوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ صوبے کے ہر کونے سے باصلاحیت نوجوان ابھر کر سامنے آئیں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کر سکیں۔