ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی جانب سے کورنگی لائبریری کے لئے کتابوں کا تحفہ

منگل 13 مئی 2025 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہاہے کہ شہریوں میں کتب بینی کے شوق کو عام کرنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں، نوجوان نسل خصوصاً طالب علموں کے لئے کتابیں علم کا خزانہ ہیں ، ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں دوبارہ مختلف علوم سے رجوع کرنا ہوگا تاکہ ہماری موجودہ اور آنے والی نسلیں شہر ، صوبے اور ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا موثر کردا ر ادا کرسکیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کورنگی کے مکینوں کے لئے ڈھائی ہزارسے زائد کتابوں کی شکل میں خوبصورت تحفہ دے رہے ہیں ، امید ہے کہ علاقے کے لوگ اس سے بھرپور استفادہ حاصل کریں گے اور اس سے نوجوانوں میں کتابیں پڑھنے کاذوق پروان چڑھے گا، آئندہ بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کراچی کے مختلف اضلاع میں قائم مزید لائبریریوں کو اسی طر ح کتابیں تحفے میں دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روزصدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کورنگی لائبریری کی ڈائریکٹر محترمہ عارفہ کومختلف موضوعات پر 2500 سے زائدکتابیں تحفتاً حوالے کرنے پر کیا تاکہ علاقے کے بچے اور عام عوام ان سے استفادہ کرسکیں، اس موقع پرسٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے ایم سی کے ڈائریکٹر محمد شاہد، کورنگی لائبریری کے ڈپٹی ڈائریکٹر مقیم اور دیگربھی موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مرادنے کہاکہ دنیا میں جن اقوام نے ترقی کی ہے وہاںکتابوں کے مطالعہ کا رجحان پایا جاتا ہے، جدید ایجادات اور ٹیکنالوجی نے اگر چہ ہمیں کتابو ں سے دور کر دیا ہے اور آج بچے اپنا زیادہ وقت دیگر مشغولات میں گزارتے ہیں لیکن کتابوں کی اہمیت نہ کبھی کم ہوئی ہے اور نہ ہی ہوگی۔

کتابوں کے ذریعے حاصل ہونے والا علم قاری کو طویل مدت تک فائدہ پہنچاتا ہے اور کتب خانے اس میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں، کے ایم سی نہ صرف اپنے زیرانتظام کتب خانوں کو بہتر بنارہی ہے بلکہ شہرکے دیگر بلدیاتی اداروں کے تحت چلنے والے کتب خانوں میں بھی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر سہولیات کی فراہمی چاہتی ہے اوراسی مقصد کے تحت آج کورنگی لائبریری کو کتب کا تحفہ دیا گیاہے ۔آئندہ بھی علم کے فروغ اس طرح کی کوششیں جاری رہیں گی ۔اس موقع پر کورنگی لائبریری کی ڈائریکٹر محترمہ عارفہ نے کتابوں کا تحفہ دینے پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مرادکا شکریہ ادا کیا۔