کنٹرولر امتحانات بلوچستان بورڈ کا امتحانی مراکز پر چھاپہ،8موبائل فونز ونقل برآمد ،امتحانی عملہ معطل

منگل 13 مئی 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی کنٹرولر امتحان عابدہ کاکڑ نے اسسٹنٹ کنٹرولر عبدالظاہر، محمد حسین مری ،محمد یونس اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ شہر کے مختلف امتحانی سینٹرز کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران اسلامیہ بوائز کالج میں واقع تین امتحانی سینٹرز، جناح گرلز ڈگری کالج میں جاری ایف اے ،ایف ایس سی امتحانات کا جائزہ لیا۔

اس دوران امتحانی مراکز میں نقل کیلئے استعمال ہونے والے 8موبائل فونز کے علاوہ 3عدد نقل سیٹیں برآمدکرلی ،کنٹرولر امتحانات نے امتحانی عملے کی جانب سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے جناح گرلز ڈگری کالج کے امتحانی عملے کو معطل کرتے ہوئے نئے عملے کی تعیناتی کے احکامات جاری کردئیے ۔

(جاری ہے)

کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ نے کہاکہ امتحانات میں نقل کے رحجان کو مکمل ختم کرنے کیلئے بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ موثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ طلباء کے تجزیاتی صلاحیتوں کو فروغ دیاجاسکے ،بلوچستان کے طلباء وطالبات ہرموقع پر اپنے صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں البتہ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے نقل جیسے ناسور کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔

بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن شفافیت،نظم وضبط اور تعلیمی سالمیت کیلئے پرعزم ہے ۔