حکومت کو عمران خان کے بیٹوں سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوتا، قومی مفاد میں اپوزیشن سے بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہیں، طلال چوہدری

اتوار 3 اگست 2025 01:10

حکومت کو عمران خان کے بیٹوں سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوتا، قومی مفاد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے قومی مسائل پر مسلسل بات چیت پر زور دیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود، معاشی ترقی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے حوالے سے ہمیشہ مذاکرات کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بار بار مذاکرات کی پیشکش کے باوجود اپوزیشن مذاکرات کی میز سے گریز کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملکی معیشت اور بین الاقوامی تعلقات میں نمایاں بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے ان کامیابیوں کو پاکستان کے ریاستی اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے منسوب کیا۔ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کے معاملے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے ویزا کی درخواست کا عمل مناسب طریقہ سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ان سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوتا، جب تک وہ قانونی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے کام کریں گے ان کے ساتھ احترام کے ساتھ برتائو کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شہریوں کے حقوق کو برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ تمام اقدامات قانون کے مطابق ہوں۔