لاڑکانہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے طور پاکستان زندہ باد ریلی

منگل 13 مئی 2025 22:00

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) لاڑکانہ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے طور پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی جہاں شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھاکر "پاکستان زندہ باد"، "پاک فوج زندہ باد"، اور "مودی سرکار مردہ باد" کے نعرے لگائے، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ محمد اسماعیل ابڑو، نائب صدر ایڈووکیٹ جاوید علی بلیدی، جنرل سیکرٹری غلام مصطفیٰ مگسی، ایڈووکیٹ عرفان جتوئی، ایڈووکیٹ قدیر ڈومکی، ایڈووکیٹ منصور ڈاہانی، ایڈووکیٹ سلمیٰ بھٹو اور دیگر نے کہا کہ پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے بھارتی جارحیت کا "آپریشن بنیان مرصوص" کے ذریعے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے بھارت کے اثاثوں، ایئربیسز، ملٹری انٹیلیجنس کیمپس اور دیگر اہم مقامات کو جدید میزائلوں اور ہتھیاروں سے نشانہ بنا کرتباہ کیا، جس پر ہم پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔