Live Updates

سستے مکانات کیلئے بینکوں کو 100 فیصد حکومتی گارنٹی دینے کے فیصلے کا خیر مقدم

کرایہ داروں کو ترجیح ،سنگاپور، جنوبی افریقہ، ترکی، بنگلہ دیش، برازیل جیسے ممالک کو اسٹڈی کیا جائے‘ پیاف عہدیدار

بدھ 14 مئی 2025 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)پیاف کے پیٹرن انچیف میاں سہیل نثار ،چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اوروائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے وفاقی حکومت کی جانب سے سستے مکانات کیلئے مالی معاونت کے منصوبے میں بینکوں کو 100 فیصد حکومتی گارنٹی دینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کے سو فیصد نتائج حاصل کرنے کیلئے وسیع تر مشاورت کا عمل شروع کیا جانا چاہیے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ منصوبے کو پیش نظر رکھتے ہوئے کم لاگت والے گھروں کے لیے قابل عمل پالیسی ماڈلز کو اپنایا جانا چاہیے ۔ اس سلسلہ میں حکومت اس شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی مشاورت کے عمل میں شامل کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس تناظر میں سنگاپور، جنوبی افریقہ، ترکی، بنگلہ دیش، برازیل اور بھارت جیسے ممالک کے بین الاقوامی ماڈلز اور مورگیج فنانسنگ کے طریقہ کار کو اسٹڈی کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس سکیم میں کرایہ داروں کو پہلی ترجیح دی جانی چاہیے اور اس سکیم کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے تاکہ حق دار لوگ ترجیحی بنیادوں پر اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ اس سکیم کی کم سے کم اور آسان ترین شرائط رکھی جائیں تاکہ کرایہ دار اس سے حقیقی معنوں میں استفادہ کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سو فیصد گارنٹی دئیے جانے کے بعد نجی بینک اس میں خوش دلی سے شامل ہوں گے اور اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو جاتا ہے تو اس سے ہزاروں نہیں لاکھوں خاندانوں کا بھلا ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات