Live Updates

آئی ایم ایف سے موجودہ قرض پروگرام کی دوسری قسط پاکستان کوموصول ہوگئی

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک ارب 2 کروڑ 3 لاکھ ڈالر کی قسط موصول ہونے کی تصدیق کر دی، آئی ایم ایف کی جانب سے ای ایف ایف پروگرام کی دوسری قسط جاری کی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 14 مئی 2025 12:45

آئی ایم ایف سے موجودہ قرض پروگرام کی دوسری قسط پاکستان کوموصول ہوگئی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 مئی 2025) پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے موجودہ قرض پروگرام کی دوسری قسط موصول ہوگئی، سٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایک ارب 2 کروڑ 3 لاکھ ڈالر کی قسط موصول ہونے کی تصدیق کر دی، آئی ایم ایف کی جانب سے ای ایف ایف پروگرام کی دوسری قسط جاری کی گئی، سٹیٹ بینک کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے دی گئی رقم 16 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں ذخائر میں شامل کی جائے گی۔

سٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے پاکستان کی معیشت کا جائزہ لینے کے بعد قسط جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے رقم جاری کرنے کی منظوری 9 مئی کو دی تھی ۔ دوسری قسط کی رقم 16 مئی 2025 کے زرمبادلہ ذخائر کا حصہ ہوگی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آئندہ مالی سال کے بجٹ پر مشاورت کیلئے پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ورچوئل مذاکرات کا آغاز آج سے ہوگا جو 16 مئی تک جاری رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی نے آئی ایم ایف ٹیم کی پاکستان آمد کو متاثر کیا۔آئی ایم ایف وفد کا آئندہ ہفتے پاکستان دورے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کا دورہ پاکستان ایک ہفتے تاخیرکا شکار ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اقتصادی اصلاحات جاری رکھے گی۔ذرائع کے مطابق حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ نئے مالی سال کے بجٹ پر مشاورت کرے گی۔

بجٹ 26-2025 کے اہداف کا باہمی مشاورت سے تعین کیا جائے گا جبکہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اقتصادی اصلاحات جاری رکھے گی۔ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں 400 ارب روپے کے ٹیکس اقدامات پر غور ہو گا اور بجٹ میں ٹیکس ریلیف اقدامات پر بھی خصوصی سیشنز ہوں گے۔ تنخواہ دارطبقے پر انکم ٹیکس میں ریلیف پر آئی ایم ایف کو منانے کیلئے خصوصی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ تکنیکی مذاکرات میں ڈیٹا شیئر کیا جائےگا۔ پالیسی سطح کے مذاکرات میں بجٹ اہداف کو حتمی شکل دی جائےگی۔آئی ایم ایف نے بلغاریہ سے وابستہ مس آئیوا پیٹرووا کو پاکستان میں نیا مشن چیف بھی مقرر کر دیا ہے۔حکومت عید تعطیلات سے قبل 2 جون کو نیا بجٹ پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ آئندہ مالی سال میں بھی مالیاتی پالیسی سخت رہنے کی توقع ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات